مظفرآباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال حال پر مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس، آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور غیرعسکری حمایت جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
مظفرآباد میں حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال حال پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں مشترکہ اعلامیے کے ذریعے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور غیرعسکری حمایت جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی۔
آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں مقبوضہ جموں کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت کی منظور کی گئی قرارداد کی بھی حمایت کی گئی۔ اجلاس میں جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خود آرادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں جدوجہد آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بیرون ممالک وفود بھیجنے اور مظفرآباد میں جلد انٹر نیشنل کشمیر کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
آل پارٹیز کانفرنس نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں سے اپنے انتخابی منشور میں کشمیر کو شامل کرنے اور اقوام متحدہ سمیت دیگرعالمی اداروں سے جموں کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر سے پیدا ہونے والے انسانی المیے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔