اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش، وفاقی وزراء اور دیگر لیگی رہنما بھی ہمراہ تھے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر جرح جاری ہے۔ وکیل نواز شریف نے واجد ضیاء پر طنز کرتے ہوئے کہا آپ 7 مرتبہ مؤقف بدل چکے، کہیں نہ کہیں پکڑے جائیں گے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا خواجہ حارث گواہ کو ہراساں کر رہے ہیں، اگر وکیل صفائی کے پاس کوئی سوال نہیں تو جرح ختم کر دیں، خواجہ حارث غیر ضروری سوالات کر رہے ہیں، عدالت فیصلہ کرے، وکیل صفائی اپنے سوالات کے حوالے سے عدالت کومطمئن کریں۔
خواجہ حارث نے کہا کیا میں اپنا دفاع پراسیکیوشن کے سامنے ظاہر کردوں ؟ آپ کو پھر قطری شہزادے کو بھی بتانا چاہیئے تھا۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا آپ قطری شہزادے کو یہاں لے آتے، آپ انہیں عدالت کیوں نہیں لائے ؟ لگتا ہے آپ سچ اگلوانا نہیں چاہتے۔ خواجہ حارث نے کہا جرح میرا حق ہے، روکنا ہے تو باہر چلا جاتا ہوں۔