نیپرا کا کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس

Last Updated On 10 April,2018 08:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال، نیپرا کو کراچی کے شہریوں کا خیال آگیا۔ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پرنوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر نیپرا نے نوٹس لے لیا ہے اور کے الیکٹرک سے جواب طلب کیا ہے۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے پلانٹس کا معائنہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ نیپرا کے مطابق کراچی میں 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ نیپرا حکام 11 سے 13 اپریل تک کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور لوڈشیڈنگ کا جائزہ لیں گے۔

خیال رہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے طویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔

اس سے قبل کراچی کے عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کے درمیان بھی رابطے شروع ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق معاہدے کی صورت میں 500 میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی، جس سے شہریوں کی مشکلات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

Advertisement