اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف اقامہ کیس، قطری کے بعد اماراتی خط کی انٹری، وزیر خارجہ کبھی فل ٹائم ملازم نہیں رہے، کمپنی کی چٹھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔
اقامہ کیس میں خواجہ آصف کو بچانے کے لیے دبئی کی انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکڑیکل کمپنی میدان میں آگئی۔ کمپنی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ کنسلٹینسی معاہدے کے تحت خواجہ آصف کمپنی میں قل وقتی ملازم نہیں۔ خواجہ آصف نے کمپنی کا خط اور دیگر اضافی دستاویزات اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دیں۔
دبئی کی انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکڑیکل کمپنی نے اپنے خط میں لکھا کہ کنسلٹیشن معاہدے کے تحت خواجہ آصف کی کمپنی میں قل وقت موجودگی ضروری نہیں۔ خواجہ آصف سے کسی بھی معاملے پر تجاویز فون یا ان کے دورہ دبئی کے دوران حاصل کی گئیں۔ یواے ای کمپنی کا نمائندہ خواجہ آصف کی نوکری اور شرائط کے حوالے سے بیان کے لیے پاکستان کی کسی بھی عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہے۔
خیال رہے کہ خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کے رہنماء عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جا چکا ہے، جبکہ عدالت نے فریقین کو اضافی دستاویزات جمع کرانے کیلئے پیر تک کا وقت دیا تھا۔