اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر یاؤ چنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نئے دور کے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا اور تمام چیلنجز سے درست انداز میں نمٹ رہا ہے۔
اسلام آباد میں ”پاکستان سرمایہ کاروں کی جنت“ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کسی بھی ملک معیشت میں آکسیجن کی حیثیت رکھتی ہے اور سی پیک دو ملک نہیں پورے خطے کو قریب لائے گا۔ سی پیک سے چار شعبے بیک وقت ترقی کریں گے۔ ترقی، توانائی، انفراسٹرکچر، مواصلات اور صعنتی شعبوں میں نظر آئے گی۔
چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ سی پیک کے تحت 40 منصوبے پائپ لائن میں ہیں اور خصوصی اقتصادی زونز پر توجہ دی جا رہی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبوں میں زیادہ تر سرمایہ کاری کی جائے گی، اس سے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔ پاکستانی نوجوانوں کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔