'ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے نگران حکومت بنائی تو نیوٹرل الیکشن نہیں ہونگے'

Last Updated On 19 April,2018 05:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی اگر نگران حکومت کا مُک مُکا کریں گے تو مطلب نیوٹرل الیکشن نہیں ہو گا۔ 2013ء میں بھی دونوں جماعتوں نے مل کر نگران حکومت بنائی تھی، اب ہمیں نیوٹرل سسٹم لانا ہو گا۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ سب کو پتہ تھا سینیٹ میں ایم پی ایز بکتے ہیں۔ 2015ء کے الیکشن میں بھی ہم نے آواز بلند کی تھی۔ مجھے ایک سینیٹر بنانے کے لیے 45 کروڑ آفر ہوئی تھی۔ اگر مجھے 45 کروڑ کی آفر ہوئی تو باقی دوسری جماعتوں کے سربراہان کیوں نہیں بولے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سینیٹرز بکے، پیسے کس نے دیئے وہ الگ ایشو ہے۔ ہم نے اپنے 20 ایم پی ایز کو وضاحت کا موقع دیا ہے۔ اگر ایم پی ایز معطئمن نہ کر سکے تو ان کے نام نیب کو دیں گے۔ کوئی تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو لائیں۔

عمران خان نے کہا کہ پہلی دفعہ کسی جماعت نے ہارس ٹریڈنگ پر ایکشن لیا ہے۔ ہم دیکھیں گے کیا باقی پارٹیاں بھی ایکشن لیں گی؟ وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو چیلنج کرتا ہوں وہ بھی اپنے بکنے والے لوگوں کو سامنے لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی اگر نگران حکومت کا مُک مُکا کریں گے تو مطلب نیوٹرل الیکشن نہیں ہو گا۔ 2013ء میں بھی دونوں جماعتوں نے مل کر نگران حکومت بنائی تھی، اب ہمیں نیوٹرل سسٹم لانا ہو گا۔

سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی غیرت کی وجہ سے مریم نواز کا کوئی حکم نہیں مانا، اسی وجہ سے میں انھیں پارٹی میں دعوت دینا چاہتا ہوں۔ چودھری نثار میرا پرانا دوست ہے، اسے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔