وزیراعظم کا کے الیکٹرک کو آج سے مکمل گیس فراہم کرنے کا اعلان

Last Updated On 23 April,2018 10:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کے الیکٹرک کو آج سے مکمل گیس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی نے دیگر مسائل 15 دن میں حل کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہر میں بجلی بھی ہوگی اور پانی بھی ہوگا، کے الیکٹرک کو جتنی گیس کی ضرورت ہو گی، ہم دیں گے۔ انہوں نے کہا بجلی چوری کرنے والوں کو لوڈشیڈنگ سے ضرور تکلیف ہو گی، جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا گرین لائن میں وفاق نے اپنا کام پورا کیا، سندھ حکومت کہے تو بسیں بھی دینے کیلئے تیار ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا سی پیک وقتی نہیں، نسلوں کا منصوبہ ہے ، پاکستانی تاجروں کو کاروبار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک حقیقت بن رہا ہے، ٹرانسمشن لائنیں بچھائی جا رہی ہیں، 2 پاور پراجیکٹس عملی شکل اختیار کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے افغانستان اور مغربی چین کو بھی گوادر تک رسائی مل سکے گی، منصوبہ پاکستان کو ترقی کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ 2015 تک سی پیک سے کوئی آگاہ نہیں تھا۔

وزیرِاعظم کے اعلان کے بعد ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں اضافہ کر دیا۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی نوے سے بڑھا کر 130 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے۔ گیس کی فراہمی میں اضافے سے لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

 

ترجمان کے مطابق گیس کی فراہمی 190 ایم ایم سی ایف ڈی ہونے پر بجلی فراہمی کی صورتحال معمول پر آ جائے گی۔ گیس کی فراہمی میں اضافے کے بعد صنعتی علاقوں سے لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔