شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل دو بجے تک ملتوی

Last Updated On 24 April,2018 10:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گواہ ظاہر شاہ نے فلیگ شپ ریفرنس سے متعلق کمپنی ہاؤس ریکارڈ کی تصدیق شدہ کاپیاں پیش کر دیں۔ عدالت نے دستاویزات حاصل کرنے کے لئے لکھی گئی ایم ایل اے کی اصل کاپیاں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

گواہ ظاہر شاہ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے سوالات پر بتایا کہ انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم دس کا متعلقہ حصہ تفتیشی افسر کے سوا کسی کے ساتھ شئیر نہیں کیا۔ برطانیہ سے حاصل کردہ دستاویز پر یو کے سنٹرل اتھارٹی کی مہر نہیں اور یہ تصدیق شدہ بھی نہیں۔

امجد پرویز کے سوال پر نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا تو وکیل صفائی نے کہا پتہ چلا ہے کل بھی نیب والوں نے زیادتی کی۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر بولے قانونی اعتراض اٹھانا ہمارا حق ہے، اگر یہ زیادتی ہے تو تیار رہیں۔

گواہ ظاہر شاہ نے فلیگ شپ ریفرنس میں بیان قلمبند کراتے ہوئے کمپنی ہاؤس ریکارڈ کی تصدیق شدہ کاپیاں عدالت میں پیش کیں۔ کمپنی کی سالانہ آمدن کا ریکارڈ، کوئنٹ سیلون لمیٹیڈ کے میمورنڈم، سابق اور موجودہ شئیر ہولڈرز کی تفصیلات بھی جمع کرائیں۔ گواہ پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے جرح شروع کی ہی تھی کہ وقت ختم ہونے کے باعث سماعت بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔