اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے احتساب کا عمل اب سب کے گرد چلے گا، نیب کو غیر موثر کرنے کیلئے وزیراعظم سے بات ہوئی تھی، مگر تذبذب کا شکار تھا، کہیں یہ نہ سمجھا جائے کہ میری ذات کیلئے کیا جائے، کیس کا فیصلہ ہونے دیں، پھر نیب قانون کو دیکھیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:میرے خلاف فیصلے کو اسمبلی میں لے جا کر بدلنا ہو گا، نواز شریف
سابق وزیراعظم نے احتساب عدالت میں پیش کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا احسن اقبال پر حملہ غیر معمولی اقدام ہے، نوبت یہاں تک پہنچنا تشویشناک ہے، پاکستان میں یہ ماحول کیوں بن رہا ہے ؟ اسکی تہہ تک جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا احسن اقبال پر حملہ افسوسناک ہے، دکھ ہوا، احسن اقبال کے بیٹے سے گزشتہ رات بات ہوئی تھی۔
نواز شریف کا کہنا تھا عوام کو احساس ہو چکا ہے کہ وہ مالک ہیں، اب فیصلہ بھی قوم کا ہوگا، ضمنی انتخابات میں عوامی موڈ دیکھ لیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا حکومت پالیسی بناتی ہے، ادارے اس پر عمل کرتے ہیں، ضرب عضب کا اعلان میں نے خود اسمبلی میں کیا تھا، چودھری نثار کی طبیعت ناساز تھی، میں نے جا کر اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا جیل کا ذکر روز ہوتا ہے، اخبارات میں پڑھتا ہوں، ملکت کا نظام ایک ضابطے اور قانون کے مطابق چلتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کافی ہوچکا اب مستقبل سنوارنا چاہیے، نیب کو ہمارے خلاف کچھ نہیں مل رہا تو ہمیں بتا دیں ہم ہی کچھ ڈھونڈ لائیں۔ انہوں نے کہا سارا ثبوت ہفتوں میں آجانا چاہیے تھا اور فیصلہ ہوجانا تھا، لیکن 8 مہینے گزر گئے ہیں نیب کو ہمارے خلاف کچھ نہیں مل رہا، 2013 کے انتخابات سے متعلق عمران خان کے بیان کا نوٹس لیا جانا چاہیے، کوشش کے باوجود ن لیگ سے لوگ نہیں ٹوٹ رہے۔