کسی پاکستانی کو دوسرے ملک کے حوالے نہیں کیا گیا: لاپتہ افراد کمیشن

Last Updated On 07 May,2018 06:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاپتہ افراد کمیشن کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں لاپتہ افراد کے 50 مقدمات نمٹائے گئے جبکہ کسی پاکستانی کو دوسرے ملک حوالے نہیں کیا گیا، اس حوالے سے معلومات حقائق کے برعکس ہیں۔

چیئرمین جاوید اقبال کے زیرِ صدارت لاپتہ افراد کمیشن کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے لاپتہ افراد سے متعلق 30 اپریل 2018ء تک 3269 مقدمات نمٹائے، صرف اپریل 2018ء میں لاپتہ افراد سے متعلق 50 مقدمات نمٹائے گئے۔

اعلامیہ کے مطابق چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن جاوید اقبال کے زیرِ صدارت اسلام آباد میں 237 اجلاس ہوئے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاپتہ افراد سے متعلق 168 اجلاسوں کی کراچی میں صدارت کی۔

اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی پاکستانی کو دوسرے ملک کے حوالے نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں میڈیا میں آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔