الیکشن میں وقت کم رہ گیا، سال 2018 کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہو گی: چیف جسٹس ثاقب نثار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹ نکالنے سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹا دی ہے، عمران خان کے وکیل کی آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کےذریعے کرانے کی استدعا مستردکردی گئی، چیف جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں الیکشن میں وقت کم رہ گیا ہے، الیکشن 2018 کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہوگی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انتخابی فہرستوں سے جعلی ووٹوں کے اخراج سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حامد خان نے موقف اپنایا انتخابی فہرست پر تصاویر شائع ہو چکی ہیں، عدالت ووٹنگ کیلئے الیکٹرانک مشین کا حکم دے، جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے پہلے تجربہ کیا جانا لازمی ہے، الیکشن میں وقت کم رہ گیا ہے، الیکشن 2018 کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہوگی۔
عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ مستقبل کے انتخابات کیلئے عدالت رپورٹ طلب کر لے، چیف جسٹس نے کہا کہ اس مرحلے پر رپورٹ طلب کی تو کنفیوژن پیدا ہوگی، عدالت نے ووٹر فہرست سے متعلق عمران خان کی درخواست نمٹا دی اور قرار دیا کہ مستقبل میں بوقت ضرورت درخواست دیکر مقدمہ بحال کروایا جا سکتا ہے۔