کراچی (دنیا نیوز ) رمضان المبارک میں پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جس سے کراچی کی خواتین کو افطار کے لیے فروٹ چاٹ کی تیاری میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دن بھر روزے کے بعد افطار پر صحت اور توانائی سے بھرپور پھل مل جائیں تو کیا ہی بات ہے۔ پاکستان میں سالہا سال سے فروٹ چاٹ افطار میں شوق سے کھائی جاتی ہے لیکن یہی فروٹ چاٹ پھلوں کی قیمتیں بڑھ جانے کے بعد مہنگی پڑنے لگی ہے ۔
خواتین کہتی ہیں کہ شہر قائد میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے والا کوئی نہیں ، ڈر ہے کہ افطار میں فروٹ چاٹ کی روایت بھی مہنگائی کی نذر نہ ہو جائے ، پہلے فروٹ چاٹ میں آٹھ دس پھل یکجا کیے جاتے تھے ۔ اب تو دو تین پھل بھی خرید سکیں تو غنیمت ہے۔ افطار میں دیگر ڈشز کے ساتھ بچے اور بڑے فرو ٹ چاٹ ہی شوق سے کھاتے ہیں اسی لیے خواتین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پھلوں کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدام اٹھائیں۔