لاہور: (دنیا نیوز) صاف پانی کمپنی سکینڈل میں وزیرِاعلیٰ پنجاب کے داماد علی عمران آج پھر نیب حکام کے سامنے پیش نہ ہوئے، عدم تعاون پر ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران یوسف 5 بار طلب کرنے کے باوجود صرف ایک بار پیش ہوئے۔ 24 اپریل کو پیش ہو کر علی عمران سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہے۔ انہوں نے نیب سے سوالات کے جواب جمع کرانے کے لئے 3 مئی تک کا وقت مانگا تھا۔
نیب حکام نے چوبیس اپریل کو علی عمران یوسف سے 14 سوالات کئے، جن میں سے وہ 11 کے جوابات نہ دے سکے۔ انہوں نے نیب کو کہا تھا کہ وہ بیرونِ ملک نہیں جائیں گے لیکن وعدہ کر کے بھی بیرون ملک چلے گئے، جس کے بعد پیش نہ ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 مئی، 7 مئی اور 21 مئی کو علی عمران نیب میں پیش نہ ہوئے۔ نیب کی جانب سے بھجوایا گیا سوالنامہ تاحال علی عمران یوسف کی جانب سے واپس نہیں دیا گیا ہے اور وہ کسی قسم کے ثبوت بھی نیب کو فراہم نہیں کر سکے ہیں۔