لاہور: (دنیا نیوز) رائیونڈ تا جاتی امراء غیر قانونی سڑک بنانے کا الزام، نوازشریف کی کل نیب آفس لاہور میں طلبی، پیش نہ ہونے پر ریفرنس دائر ہونے کا امکان ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں، نیب نے غیر قانونی طور پر رائیونڈ روڈ تعمیر کروانے پر تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ نیب لاہور نے رائیونڈ روڈ کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں بلایا ہے، پیش نہ ہونے پر ریفرنس دائر ہونے کا امکان ہے۔
میاں نواز شریف پر رائیونڈ روڈ کی تعمیر میں ضلع کونسل کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے۔ نواز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، اور اپنے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لیے اڈا پلاٹ سے جاتی امراء تک سڑک بنوائی۔
نواز شریف کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی، جس سے منصوبہ کی مجموعی لاگت بڑھی اور عوامی منصوبہ بند کرنے سے عوام کا نقصان ہوا۔ اس کیس میں نیب نے پہلے بھی 21 اپریل کو نواز شریف کو طلب کیا تھا، لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث نیب آفس پیش نہ ہوئے۔ نواز شریف کو نیب کی کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے طلبی کا سمن بھجوایا گیا تھا۔