لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نگران وزیراعلی کے تقرر کے معاملے پر شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل، دونوں رہنما آج ہی ماڈل ٹاون میں ملاقات کریں گے۔
ترجمان اپوزیشن لیڈر کے مطابق وزیراعلی شہباز شریف اورمیاں محمودالرشید شام ساڑھے پانچ بجے ماڈل ٹاون میں ملاقات کریں گے، راناثناء اللہ نے فون کر کے اپوزیشن لیڈر کو آج ہی ملاقات کا پیغام پہنچایا۔
اپوزیشن لیڈر کے مطابق تجویز کردہ 4 میں سے دو نام مناسب حد تک قابل قبول ہیں، اس حوالے سے میاں محمود الرشید نے عمران خان کے ساتھ جبکہ شہباز شریف نے بھی اپنی قیادت اور رہنماوں کے ساتھ مشاورت کر لی ہے۔ اب دونوں رہنماوں کے درمیان دوسری مشاورت ہوگی، اس حوالے سے سامنے آنے والے ناموں میں ناصرکھوسہ، جسٹس ریٹائرڈ سائر علی، طارق سلیم ڈوگر، کامر ان رسول اور گوہر اعجاز کے نام زیر بحث ہیں۔
ادھر سندھ اور کے پی اسمبلیاں آج تحلیل ہوجائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے تک مراد علی شاہ کام جاری رکھیں گے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا بھی آج آخری دن ہے۔ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوجائے گی، نگران وزیراعلیٰ بننے تک پرویز خٹک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ وفاق، پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں 31 مئی کو تحلیل ہوں گی۔ 25 جولائی کو عوام اگلی حکومت کے چناؤ کیلئے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔