چیئرمین پیمرا کی تعیناتی، الیکشن کمیشن نے وضاحت طلب کر لی

Last Updated On 29 May,2018 08:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے مرزا سلیم بیگ کی بطور چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔ سرچ کمیٹی نے وزیرِاعظم کو چیئرمین پیمرا کی تقرری کے لیے 3 نام بھجوائے تھے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق اویس، اسلم علی اور کامران علی کے نام بھی بطور چیئرمین پیمرا بھجوائے گئے تھے تاہم وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے مرزا سلیم بیگ کی تعیناتی کی منظوری دی۔ مرزا سلیم بیگ وزارتِ اطلاعات میں پی آئی او کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کی تقرری کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے وزارتِ اطلاعات سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کمیشن کو میڈیا کے ذریعہ معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے چیئرمین پیمرا کو تعینات کر دیا ہے۔

حکومت نے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کے حوالے سے اجازت طلب کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے حکومتی درخواست قبول نہیں کی تھی۔ حکومت نے موقف اختیار کیا تھا کہ انتخابات کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے میڈیا کو یکساں کوریج کا موقع دینے کے اقدامات اٹھانے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ چیئرمین پیمرا کی تعیناتی الیکشن کمیشن کی طرف سے عائد بھرتیوں پر پابندی ختم ہونے کے بعد عمل میں لائی جائے۔

 

Advertisement