اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے غدار وہ لوگ ہیں، جنہوں نے ایک نظریاتی جماعت پر لادینی اور سیکولر نظریہ مسلط کیا۔ پرویز رشید کے ذاتی کرتوت بے نقاب ہو جائیں تو سب کے سر شرم سے جھک جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چودھری نثار علی خان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے غدار وہ لوگ ہیں، جنہوں نے پارٹی کو ایک سیاسی اور جمہوری عمل سے ہٹا کر ایک فیملی پارٹی بنانے کے مشورے دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے غدار پرویز رشید جیسے وہ لوگ ہیں جو کسی اخلاقی، سیاسی اور نظریاتی پیمانے پر نہ اترنے کے باوجود بھی ن لیگ کے چاچے، مامے بنے بیٹھے ہیں۔ پرویز رشید وہ شخص ہیں جن کے ذاتی اور اخلاقی حوالے سے کرتوت منظرِ عام پر آ جائیں تو مسلم لیگ ن کے ہر کارکن کا سر شرم سے جھک جائے۔
ترجمان نے کہا کہ پرویز رشید وہ شخص ہے جس نے مسلم لیگ (ن) میں خوشامد اور کاسہ لیسی کو پارٹی کے منشور کا حصہ بنوایا اور پھر خود اس کی بد ترین مثال بنا۔