جعلی ڈگری سکینڈل: شعیب شیخ کو بلا اجازت بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

Last Updated On 20 June,2018 11:38 am

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں میگا جعلی ڈگری سکینڈل کیس کی سماعت میں بول ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے درخواست کی سماعت میں عدالت نے شعیب شیخ کو بغیراجازت ملک سے باہر جانے سے روک دیا۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں میگا جعلی ڈگری سکینڈل کیس کی سماعت میں بول ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے درخواست کی سماعت میں سی ای او بول نیوزشعیب شیخ عدالت میں پیش ہوگئے۔ سفارشیں کرانے پر چیف جسٹس نے شعیب شیخ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تم اتنے طاقتور نہیں کہ عدالت کو ڈکٹیٹ کراو، پتہ ہے تمہارے لیے کون کون سفارشیں کر رہا ہے۔ چیف جسٹس نے شعیب شیخ کو عدالتی حکم کے بغیر ملک چھوڑنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے بول کے وکیل شہاب سرکی سے استفسارکیا کہ کیا 10 کروڑ جمع کرائے جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے گھر کے دستاویزات جمع کرا دیئے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہمیں گھر کے دستاویزات نہیں، بینک اکاونٹ میں رقم چاہیے۔ چیف جسٹس نے شیعب شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 10کروڑ جمع کراو، پھر کیس سنیں گے۔ اس طرح ورکرز کو ذلیل کرتے ہیں، یہ تو کہتے تھے اربوں روپے ہیں، کہاں گیا پیسہ۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر دو ہفتوں میں رقم جمع نہیں کرائی تو شعیب شیخ پر توہین عدالت کیس چلائیں گے۔
درخواست گزار عثمان آرائیں نے عدالت کو بتایا کہ یہ عدالتی فیصلہ پر عمل نہیں کر رہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت اپنے فیصلے پر عمل درآمد کرائے گی۔