اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی ایک بار پھر موخر ہوگئی، پاسپورٹ بحال نہ ہونے کے باعث سپریم کورٹ سے اگلی تاریخ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
سیکرٹری جنرل اے پی ایم ایل اور وکیل معظم بٹ عدالت میں پیش ہوں گے، ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے پرویز مشرف سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں آنے کو تیار ہیں، عدالتی حکم کے باوجود تاحال پاسپورٹ بحال نہیں کیا گیا، پرویز مشرف پاسپورٹ بحالی پر پاکستان آجائیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:مشرف آج کسی بھی وقت پہنچ سکتے ہیں: اے پی ایم ایل
یاد رہے گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستانے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف کو کس بات کا تحفظ چاہیے، اتنا بڑا کمانڈو خوف کیسے کھا گیا، اتنا بڑا ملک ٹیک اوور کرتے وقت خوف نہیں آیا۔ عدالت نے باور کرایا کہ پرویز مشرف واپس نہ آئے تو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال نہیں ہونے دیں گے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی، حکومت نے ہی مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا۔ عدالت نے پرویز مشرف کو وطن واپسی کیلئے آج دوپہر 2 بجے تک کی مہلت دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر سابق صدر نہ آئے تو قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے۔