لاہور میں پیپلز پارٹی کا کیا حشر ہوگیا ؟

Last Updated On 22 June,2018 09:09 am

لاہور: (تجزیہ: یاسین ملک ) پیپلزپارٹی کو لاہور میں پہلی بار امیدواروں کی کمی کا سامنا ہے، جو امیدوار دستیاب ہیں ان کی بھاری اکثریت کی ضمانتیں بھی ضبط ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ بڑے نام الیکشن لڑنے کو تیار نہیں۔

ان میں اعتزاز احسن، ان کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز، میاں مصباح الرحمن، نوید چودھری ، قاسم ضیا ء اور دیگر شامل ہیں اگر چہ تاحال پیپلزپارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا مگر پیپلزپارٹی کے بہت سے ایسے امیدوار سامنے آ رہے ہیں جنکی مالی حالت بہت کمزور ہے اور وہ موٹر سائیکلوں پر سفر کرتے ہیں بلکہ کچھ تو بالکل فارغ ہیں یا بہت معمولی پرائیویٹ نوکریاں کر رہے ہیں یا بہت چھوٹے کاروبار کر رہے ہیں دوسرے لفظوں میں وہ الیکشن کے لئے مطلوبہ حد تک خرچہ کرنے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کا لاہور میں گراف بھی بہت نیچے جا چکا ہے۔

پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے جو نام سامنے آرہے ہیں ان میں منشاء پرنس ، محمود بھٹی ، خرم فاروق ، مرزا ادریس ، عدنان گورچی ، حق نواز، افتخار شاہد ، اسلم گڑا ، عاصم بھٹی ، نادر خان، آصف ناگرہ ، اکرم ڈوگر ، جاوید تیلا اور دیگر شامل ہیں ،چار ایسے امیدوار ہیں جن کی پوزیشن قدرے بہتر ہے ان میں ثمینہ گھرکی ، عزیز الرحمن چن ، اورنگزیب برکی اور اسلم گل شامل ہیں۔