لاہور: (دنیا نیوز) نون لیگ آج کراچی سے الیکشن مہم کا آغاز کرے گی، شہباز شریف نے شہر قائد میں جلسے اور کاروباری حضرات سے ملاقاتوں کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف کراچی کے دوروزہ دورے اپنے اورمسلم لیگی رہنماؤں کے حلقہ انتخاب کا دورہ بھی کریں گے۔ مسلم لیگ(ن) سندھ کے ترجمان کے مطابق میاں شہباز شریف فیڈریشن چیمبرآف کامرس کا دورہ اور صنعتکاروں سے ملاقات کے علاوہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ شہباز شریف کے اعزاز میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ شہباز شریف اپنے حلقہ انتخاب این اے 249 میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور انتخابی مہم کا آغاز کرینگے۔
شہباز شریف کا مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اگر عام انتخابات غیر جانبدارانہ اور شفاف نہ ہوئے تو جمہوریت اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف انشااللہ جلد وطن واپس آ کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے ۔ الیکشن بروقت ہونا انتہائی ضروری ہے ،اس الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ کس پارٹی نے خدمت کی اور کس نے ڈھونگ رچائے۔ 25جولائی کو ایک طرف ہماری کارکردگی ہوگی تو دوسری طرف کھوکھلے وعدے ہونگے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر نے مزید کہا کہ عوام کارکردگی کے مقابلے میں کھوکھلے وعدوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیں گے اورخدمت کرنیوالوں کو ووٹ دیں گے ۔ انہو ں نے کہا عمران نیازی نے کھوکھلے دعوے کئے جبکہ میں نے نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے چپے چپے پر عوام کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا ہم نے جو عوام سے وعدے کیے تھے وہ الحمد اللہ پورے کیے ہیں اور آج بجلی کی لوڈ شیڈنگ تقریباً ختم ہو چکی ہے ، شہر قائد کا امن واپس آ چکا ہے اور پاکستان رینجرز نے کراچی میں شبانہ روز محنت کی اور قربانیاں دیں اور کراچی امن کا گہوارہ بن چکا ہے ،اس 2018 کے الیکشن میں عوام سے جو وعدے کریں گے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جان لگا دیں گے اور پاکستان کو اقبال اور قائد کا پاکستان بنائیں گے۔