لاہور: (دنیا نیوز) علی ظفر اور میشا شفیع کی کیس میں نیا موڑ آگیا۔ لاہور کی عدالت نے اداکار کی درخواست پر گلوکارہ سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید بیان بازی سے روک دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج شہزاد احمد نے گلوکار علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی۔ علی ظفر نے پچھلے لیگل نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ میشا شفیع نے ہراساں کرنے کے بے بنیاد الزمات لگائے، میشا شفیع کے جھوٹے الزامات سے پوری دنیا میں شہرت متاثر ہوئی، لہذا عدالت گلوکارہ کو 100کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔ سیشن عدالت نے اداکار کی درخواست پر گلوکارہ سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید بیان بازی سے روک دیا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر گلوکارہ میشا شفیع کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔