کراچی: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 6 ماہ میں کراچی کا کوڑا کرکٹ صاف، تین سال میں گھر گھر پانی دینگے، پبلک ٹرانسپورٹ اور مسائل کے حل کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کرینگے۔ انہوں نے کہا میٹرو بس اور اورنج ٹرین کراچی کو بھی ملنی چاہیئے، کالا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کے بجائے کارکردگی پر بات کی جائے، دھرنوں کے باعث سی پیک میں ایک سال کی تاخیر ہوئی، 2014 میں دھرنوں سے قوم کا وقت ضائع ہوا، 7 ماہ تک پورے پاکستان کو بند کر دیا گیا تھا، 5 سال میں بجلی کا 90 فیصد مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا غیر مستحکم ملک میں معاشی ترقی سست ہوتی ہے، ابترصورتحال میں ترقی کرنا معجزہ ہے، 2013 میں پاکستان کو توانائی، دہشتگردی کے دو بڑے چیلنج درپیش تھے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ماضی کی کارکردگی کے سوا ووٹ دینے کا کوئی پیمانہ نہیں ہوسکتا، غلط بیانی یا خود نمائی سے کام نہیں لینا چاہیے، توانائی بحران کے باعث برآمدات کو نقصان پہنچ رہا تھا، کراچی میں رینجرز نے عظیم قربانیاں دیں، جس کی وجہ سے امن لوٹ آیا، ملک کے مسائل بیروز گاری ختم کرنے سے کم ہوں گے۔ انہوں نے کہا گیس پلانٹس سے عوام کو سستی بجلی فراہم کی گئی، گیس پلانٹس سے 112 ارب روپے کی بچت ہوئی، سی پیک ن لیگ حکومت کے دور میں آیا، سی پیک پہلے آجاتا اگر 6 مہینے دھرنےنہ ہوتے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کراچی میں خوف کا عالم تھا، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، دہشتگردی تھی، کراچی کیلئے صرف صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے، 3 سال میں پانی کی فراہمی کا بندوبست کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم نے پنجاب نہیں پورے ملک کیلئے پاور پلانٹس لگائے، کراچی کو ایشیا کا نہیں ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیے تھا، کراچی کی حالت پر اب رونےدھونے کا کوئی فائدہ نہیں آگے دیکھنا ہے، لوگوں نے اعتماد کیا تو شہر کے 4 ایشوز حل کریں گے۔
شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ 6 ماہ میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیرختم کریں گے، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ چلائیں گے، انفرااسٹرکچر کا مسئلہ حل کریں گے۔ انہوں نے کہا موقع ملا تو بھاشا ڈیم پر 5 سال میں 70 تا 80 فیصد کام ہو جائے گا، کراچی میں فری وے نہ بنائے گئے تو شہر جام ہو جائے گا، نواز شریف کے دور میں بھاشا ڈیم پر 100 ارب روپے کی انویسٹمنٹ کی گئی۔