الیکشن جیت کر آبی بحران حل کریں: شہباز شریف نے نعرہ لگا دیا

Last Updated On 26 June,2018 03:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نون لیگ نے الیکشن جیت کر آبی بحران حل کرنے کا نعرہ لگا دیا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر گفتگو بھی قومی اتحاد کو برباد کردے گی، صرف بھاشا ڈیم ہی مسائل کا حل ہے۔

 مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذمہ داری ملی تو کراچی کی حالت بدل دینگے، پانی، بجلی اور بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اگلا چیلنج پانی کا بحران ہے، بھاشا ڈیم پر مزید وقت ضائع نہیں کیا جائے گا، کشکول توڑنے کیلئے قوم کو سخت فیصلے کرنے ہونگے۔ ان کا کہنا تھا سی پیک کے ذریعے جھمپیر، گوادر اور دیگر مقامات پر بڑے منصوبے لگائے گئے ہیں، پورٹ قاسم اور ساہیوال کے منصوبوں نے مخالفین کو خاموش کرا دیا۔

 صدر مسلم لیگ نون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، 10 ہزار میگاواٹ بجلی 5 سال میں پیدا کی جس کی مثال نہیں ملتی، پاور پلانٹس ماضی کے منصوبوں کے مقابلے میں آدھی قیمت پر لگے۔ انہوں نے کہا بجلی کے منصوبے پاکستان کی ترقی کیلئے انتہائی اہم قدم ہے، بھارت کے مقابلے میں ہمارے پاس پانی کم ہے، بھاشا ڈیم منصوبے کی فزیبلیٹی تیار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا آئندہ جو بھی حکومت آئے، بھاشا ڈیم اولین ترجیح ہونا چاہیئے، بھاشا ڈیم میں ملین ایکڑ پانی ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔