لاہور: (روزنامہ دنیا) آصف زرداری بھی لاہور میں ڈیرے جمائے ہوئے ہیں، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے رواں ماہ لاہور کے دو دورے کئے گئے اور پنجاب کی سینئر قیادت سے مشاورت بھی کی گئی لیکن پیپلز پارٹی کی جانب سے نام فائنل نہ ہو سکے۔
لاہور میں ممکنہ امیدوار این اے 131 سے عاصم بھٹی، این اے 135 سے امجد جٹ اور این اے 132 سے ثمینہ خالد گھرکی کے نام سامنے آئے ہیں ،ان امیدواروں کی جانب سے بھرپور انتخابی مہم کا آغاز بھی کردیا گیا لیکن دوسری طرف لاہورمیں سینئر رہنما اعتزاز احسن، انکی اہلیہ بشریٰ اعتزاز سمیت سینئر رہنما الیکشن لڑنے سے احتراز کر رہے ہیں، بیرسٹر عامر حسن بھی امیدوار بننے کو تیار نہیں، وہ ضمنی الیکشن میں ضمانت ضبط کرا چکے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آج امیدواروں کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے، آصف زرداری امیدواروں کا اعلان کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں شدید مشکلات سے دوچار پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بڑا اپ سیٹ کرنے کا متعدد بار اظہار کرچکی ہے۔