پی پی کا انتخابی منشور تیار، نوجوان فوکس، کسان کارڈ بھی شامل

Last Updated On 26 June,2018 09:27 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) روٹی کپڑا اور مکان کے بنیادی نکات پرمشتمل پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار کر لیا گیا، زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی مفت، کھاد، زرعی ادویات، بیج اور دیگر اشیا کیلئے کسان کارڈ کا اجرا ہوگا۔

نوجوانوں کو فوکس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نوجوانوں کے روزگار کے لئے خاص پروگرام ہوگا، بین الصوبائی ہم آہنگی، جنوبی پنجاب صوبے کا قیام بھی پی پی کا انتخابی وعدہ ہوگا۔ عام انتخابات کے لئے پیپلزپارٹی کا دسواں منشور تیار کر لیا گیا ہے جو بلاول بھٹو زرداری 28 جون کو اسلام آباد میں پیش کریں گے۔

پی پی انتخابی منشور میں زراعت اولین ترجیح، توانائی، صنعت کے شعبوں پر بھی فوکس کیا گیا ہے، روٹی کپڑا اور مکان کے لئے مکمل پروگرام دیا جائے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں انقلابی اصلاحات کا وعدہ بھی پی پی منشور میں شامل ہوگا، خارجہ، داخلہ پالیسی بہتر بنانا بھی پیپلز پارٹی کے 2018 کے ایجنڈا کے اہم نکات میں شامل ہے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے واضح حکمت عملی بھی انتخابی وعدوں کا حصہ ہوگی۔

چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کرنا اور دیہی آبادی کو شہروں کے برابر لانے کا بھی وعدہ ہوگا، بلوچستان کی محرومی ختم کرنے کیلئے سیاسی اور بڑے انتظامی و مالی اقدامات اٹھانے، خواتین اور غیرمسلم آبادیوں اور کمزور طبقات کے حقوق کی حفاظت، محنت کشوں کے حقوق کو یقینی بنانا، خطے کے ممالک کے ساتھ بہتر، پرامن اور برابری کی بنیاد پر تعلقات منشور میں شامل ہیں۔