ن لیگ میں نئی کھچڑی کیا پک رہی ہے ؟

Last Updated On 26 June,2018 11:22 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق وزیراعلیٰ و گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب پر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے فوقیت حاصل کر لی ہے، صوبہ میں ن لیگ کے اندر سردار مہتاب مخالف گروپ کی حمایت سے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این خیبرپختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی این اے 15 سے ٹکٹ لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ سردار مہتاب کے صاحبزادے شہریار کو ایبٹ آباد شہر اور دوسرے بیٹے کو شمعون مہتاب کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔ باوجود اس کے سردار مہتاب این اے 15 سے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی قیادت سے ناراض ہوگئے ہیں ان کا اصرار ہے کہ این اے 15 سے مرتضیٰ جاوید کے بجائے انہیں ٹکٹ دیا جائے، جبکہ پارٹی قیادت انہیں اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 میں عمران خان کے مقابلہ میں ٹکٹ کی پیش کش کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا رپورٹ کے مطابق سردار مہتاب اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے درمیان محاذ آرائی کا آغاز 1992 میں ہوا جب سردار مہتاب احمد خان وزیراعلیٰ تھے اور ان دنوں کیپٹن (ر) صفدر کی شادی پارٹی سربراہ نواز شریف کی بیٹی مریم نواز سے ہوئی، جس کے بعد کیپٹن (ر) صفدر نے ہزارہ کے انتظامی، سیاسی معاملات میں مداخلت شروع کی تو وزیراعلیٰ سردار مہتاب ان کے سخت مخالف ہو گئے اور انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے سامنے معاملہ اٹھاتے ہوئے شدید احتجاج کیا، تاہم معاملہ رکا نہیں اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ وزیراعلیٰ سردار مہتاب نے وزیراعظم کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرا دیا، جو بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف کی مداخلت پر خارج ہوا، صلح کی کئی کوششیں ہوئیں جو ناکام رہیں۔

سردار مہتاب نے کیپٹن (ر) صفدر کو ہزارہ کی سیاست میں کبھی قبول نہیں کیا، کیپٹن (ر) صفدر نے صوبائی صدر امیر مقام،صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، سردار یوسف سابق وفاقی وزیر ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی کو ساتھ ملا کر تنظیمی طور پر پارٹی کے اندر استحکام حاصل کر لیا ہے موجودہ حلقہ بندیوں کے نتیجہ میں جب مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار مہتاب احمد خان کا حلقہ ایک ہوگیا ہے تو پرانی کشیدگی ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گئی، پارٹی کے اندر طویل لڑائی کے بعد کیپٹن (ر) صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی کو این اے 15 سے ٹکٹ دلانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، اس فیصلہ میں صوبائی صدر امیر مقام کا بھی اہم کردار ہے جن کی تنظیمی کارکردگی کے نواز شریف اور مریم نواز معترف ہیں، مرتضیٰ جاوید کو ٹکٹ ملنے پر سردار مہتاب کے احتجاج اور چار صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی طرف سے ٹکٹ واپس کرنے کے اعلان نے مسلم لیگ ن کے لئے اور مشکل کھڑی کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف، مریم نواز نے پارٹی صدر شہباز شریف کو مرتضیٰ جاوید عباسی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔