امیدوار الیکشن مہم چلائیں، جب بلایا جائے تو پیش ہو جائیں: چیئرمین نیب

Last Updated On 28 June,2018 06:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے واضح کیا ہے کہ قومی ادارے کے کسی قسم کے سیاسی مقاصد نہیں ہیں، سب سے قانون پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

حالیہ گرفتاریوں پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کوئی پارٹی نشانہ ہے اور نہ سیاسی عزائم ہیں، ادارے کے نوٹس دعوت نامے نہیں ہیں، تحقیقات کیلئے طلبی ہو رہی ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ لوگ الیکشن مہم بھی چلائیں اور جب نیب بلائے تو پیش بھی ہوں۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب پہلے بھی ان ایکشن تھا، کرپشن کے خاتمے تک کام جاری رہے گا۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں بلکہ تحقیقات کے لیے قانون کے مطابق بھجوائے جا رہے ہیں، حسن، حسین نواز، اسحاق ڈار سمیت تمام افراد کو انٹرپول کے ذریعے لانے کی منظوری دی ہے، اس حوالے سے ڈی جی نیب اب خط لکھیں گے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کوئی شخص چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو نیب کے گیٹ کے باہر اس کا اثر و رسوخ ختم ہو جاتا ہے۔ قانون پر عمل درآمد ضروری ہے، جو اس پر عمل نہیں کرے گا اس سے کروایا جائے گا۔