لاہور: (دنیا نیوز) سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کے بعد پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پر آ گئی۔ نیب لاہور نے پولیس میں گھپلوں میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ کئی اشیاء کی خریداری میں مبینہ کرپشن کا انکشاف، پولیس افسران کی اثاثوں کی تحقیقات بھی شروع کر دیں گئی۔
پنجاب پولیس میں مبینہ کرپشن، ایس ایس پی عبدالرب کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر نیب نے محکمہ پولیس کی جانب سے خریداری کی تحقیقات شروع کر دیں۔بلٹ پروف اور سردیوں کی جیکٹس، ڈولفن سکواڈ کیلئے ہیلمٹ، ہتھکڑیوں، چھتریوں اور اینٹی رائٹ فورس کیلئے سامان کی خریداری کا ریکارڈ مانگ لیا۔ آئی جی پنجاب آفس میں تعینات رجسٹرار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مبینہ کرپشن کے شواہد بھی جمع کر لیے گئے، جبکہ دیگر پولیس افسران کے اثاثہ جات کی چھان بین بھی جاری ہے۔
نیب نے سابق آئی جی پنجاب سے خریداری اور ملوث افسران کی تفصیلات طلب کر رکھی تھیں جو تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔ ریکارڈ کی فراہمی کیلئے نیب نے مختلف اداروں کو خطوط ارسال کر دیے ہیں جبکہ نئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریکارڈ نہ دینے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے پر انکوائری شروع کی جائیگی۔