صوبہ سندھ میں صاف پانی کے منصوبے میں مبینہ خوردبرد، نیب کا نوٹس

Last Updated On 02 July,2018 05:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سندھ میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے میں مبینہ خوردبرد کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں 450 آر پلانٹس لگائے جانے تھے، مبینہ طور پر پلانٹ لگانے کا ٹھیکہ من پسند کمپنی کو دیا گیا جبکہ منصوبے کی تکمیل سے قبل ہی کمپنی کو 5 ارب روپے کی خطیر رقم ادا کر دی گئی.

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے متعلقہ نیب حکام کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتہ چلایا جائے کہ سندھ کے متعلقہ محکمہ منصوبہ مکمل کرانے میں کیوں ناکام رہا جبکہ متعلقہ افسران بیشتر آر او پلانٹس کی بندش پر کیوں خاموش رہے؟

چیئرمین نیب نے تھر میں آر او پلانٹس کا پانی ٹینکرز کے ذریعے فروخت کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔