لاہور: (دنیا نیوز) نیب نے پنجاب پاور کمپنی کیس میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو 5 جولائی کو طلب کر لیا۔ نیب نے سمن جاری کر دیا، شہباز شریف کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کر دی گئی۔
یاد رہے نیب لاہور نے شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بھی طلب کر رکھا ہے، 5 جولائی کو وہ دونوں کیسز میں نیب پیش ہوں گے۔ اس سے قبل بھی نیب کی جانب سے شہباز شریف کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں:شہباز شریف کی نیب میں پھر طلبی
نیب نے شہباز شریف کو ان کے وزارتِ عظمیٰ کے دور میں 17 نکات پر مشتمل نوٹس بھجوایا تھا جس میں ان پر مبینہ طورپر لگنے والے الزامات کی تفصیلات درج تھیں۔ روزنامہ دنیا کو موصول لیٹر کے مطابق شہباز شریف سے کہا گیا تھا کہ آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے مستقل حل کے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرتے جبکہ پنجاب ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی شکل میں آپ کے پاس تجربہ کار میکنزم موجود تھا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ آپ نے کسی بھی سفارشات اور پراجیکٹ سٹڈی کے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرنے کا حکم دیا جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے دیگر امکانات اور آپشن کو نظر انداز کیا گیا۔