پی این ایس اصلت کا الجیریا کی بندرگاہ کا دورہ، نیوی حکام سے ملاقاتیں

Last Updated On 14 July,2018 03:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے الجیریا کی بندرگاہ الجائرز کا دورہ کیا جہاں پر کمانڈر الجائرز نیول بیس اور پاکستان ایمبیسی الجیریا کےسیکنڈ سیکرٹری نے پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے کسی بھی جہاز کا الجائرز کی بندرگاہ کا یہ پہلا دورہ ہے جس کے دوران مشن کمانڈر نے الجیرین نیوی کے کمانڈرسنٹرل میری ٹائم ریجن اور چیف آف آپریشنز سےملاقاتیں کیں اور باہمی تعاون کے مختلف شعبہ جات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک بحریہ کے وفد نے الجیرین نیول اکیڈمی کا دورہ بھی کیا، کمانڈنٹ اکیڈمی نے انکا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر الجیریا کے سول وعسکری راہنماؤں، سفرا، تاجربر ادری اور مقامی آبادی نے پی این ایس اصلت کا دورہ کیا۔

پاک الجیریا آپریشنل تیاریوں کی بہتری، باہمی تجربوں سے استفادہ کے لئے مشترکہ بحری مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات اور دفاعی تعاون کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔