راولپنڈی: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم سے ن لیگی رہنماوں کی آج ملاقات نہیں ہو سکے گی۔ جیل حکام کے مطابق عید کی چھٹیوں کے باعث آج ملاقات نہیں ہو گی، (ن)لیگی رہنماؤں سمیت ملاقاتیوں کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
منی لانڈرنگ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور انکی بیٹی مریم سے آج ن لیگی رہنماوں کی ملاقات متوقع تھی تاہم اڈیالہ جیل حکام کے مطابق عید کی چھٹیوں کے سبب مریم اور نوازشریف سے کسی کی ملاقات نہیں ہو سکے گی، جو بھی ملاقاتی چاہے وہ کل بروز جمعہ ملاقات کر سکے گا۔ ملاقات کے اوقات صبح 8 سےدوپہرایک بجےتک مقرر کئے گئے ہیں، اور اس حوالے سے (ن)لیگی رہنماؤں سمیت ملاقاتیوں کو اطلاع بھی کر دی گئی ہے۔
یاد رہے اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف کو منی لانڈرنگ کیس میں 10 سال قید سنائی گئی ہے جبکہ انکی بیٹی مریم نواز 8 سال جیل میں گزاریں گی۔ عیدالاضحی انکی پہلی عید ہے جو انھوں نے جیل میں گزاری، گزشتہ روز انکے خاندان کے افراد شہباز شریف اور دیگر کو ملاقات کی خصوصی اجازت دی گئی، ملاقات کرنے والوں میں نواز شریف کی والدہ، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز شامل تھے۔ خاندان کے تین مزید افراد اور ذاتی اسٹاف کے لوگوں نے بھی ملاقات کی۔