کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گڈاپ میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان جھڑپ میں 17 سالہ نوجوان کی ہلاکت پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے، سُپرہائی وے پر لاش رکھ کر احتجاج کیا، مظاہرین کے پتھراؤ پر اہلکاروں نے شیلنگ بھی کی، پولیس نے بند دونوں ٹریک بحال کرا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق، گڈاپ میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان جھڑپ میں 17 سالہ نوجوان بلال کی زندگی کا چراغ گل ہوگیا، جس پر ان کے ورثا اور علاقہ مکین آپے سے باہر ہوگئے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور سپرہائی وے کے دونوں ٹریک بھی بند کر دیئے پھر پولیس ایکشن میں آئی اور شیلنگ کر دی۔ مظاہرین کا غصہ پھر بھی کم نہ ہوا اور پتھراؤ کا سلسلہ جاری رکھا
ایس ایس پی ملیر کے مطابق 17 سالہ نوجوان کس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا، اس کی تحقیقات کر رہے ہیں، مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ایس ایس پی ملیر نے بتایا پولیس نے منشیات فروش جنت اور ابراہیم کے اڈے پر چھاپہ مارا، دونوں ملزمان پولیس کو مطلوب تھے جنہیں گرفتار کر لیا گیا، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے۔