العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اڈیالہ جیل سے 12 ویں پیشی

Last Updated On 10 September,2018 09:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بارویں پیشی ہوئی۔ واجد ضیاء نے کہا کہ جے آئی ٹی کے پاس سورس دستاویزت ہیں جن میں ایچ ایم ای کو کمپنی لکھا ہے۔

نواز شریف کو سخت سکیورٹی حصار بارویں بار اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچایا گیا، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سماعت کا آغاز کیا تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے واجد ضیاء پرجرح کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا جے آئی ٹی کے پاس ہل میٹل کمپنی ظاہرکرنے سے متعلق دستاویزات ہیں۔ واجد ضیاء نے سورس دستاویزات ہونے کا بتاتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کو سورس دستاویزات 20 جون 2017 کوملے، جس سورس دستاویز میں ایچ ایم ای کو کمپنی لکھا ہے۔

نواز شریف کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت درخواست سے متعلق بتایا تو عدالت نے سماعت منگل تک کیلئے ملتوی کردی، کمرہ عدالت میں نواز شریف سے راجہ ظفرالحق اور اقبال ظفر جھگڑا نے ملاقات کی جس کے بعد نوازشریف کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ منتقل کر دیا گیا۔