اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور کے پرائیوٹ ہسپتالوں میں مہنگے علاج کا از خود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پرائیویٹ ہسپتالوں میں مہنگے علاج سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے، سہولیات تو دی نہیں جاتیں لاکھوں روپے بٹور لیے جاتے ہیں۔
چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں پارکنگ نہیں ہوتی، سڑکوں پر قبضہ کیا ہوتا ہے، آج کے بعد کسی پرائیویٹ ہسپتال کے باہر گاڑی نظر آئی تو 10 ہزار جرمانہ ہو گا جو ڈیم فنڈ میں جمع کروایا جائے گا۔ عدالت نے حمید لطیف ہسپتال سمیت 12 نجی ہسپتالوں کے مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کر لیا جبکہ سیکرٹری ہیلتھ اور ہیلتھ کئیر کمیشن کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔