لاہور، راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گور نر ہاؤس کو عوام کیلئے کھول دیا’ صوبائی وزراء اسلم اقبال ’ میاں محمود الرشید اور فیاض الحسن چوہان سمیت تحر یک انصاف کے اراکین اسمبلی گورنر ہاؤس آنیوالوں کو ویلکم کرتے رہے، گور نر ہاؤس کے چڑیا گھر، آبشار، مصنوعی، جھیل لان اور پہاڑی کیساتھ ساتھ فیملز گور نر ہاؤس کے سر سبز لان میں تصاویر اورسلفیاں بھی بناتے رہے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے اعلان کے مطابق گور نر ہاؤس لاہور کو عوام کیلئے صبح 9 سے شام 6 بجے تک کیلئے کھول دیا جبکہ لاہور سمیت قر یبی شہروں سے مرد خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد گورنر ہاؤس لاہور دیکھنے کیلئے آئی۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید ’ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے بھی گور نر ہاؤس میں آنیوالوں کے ساتھ وقت گزارا اور انکے ساتھ تصاویر بھی بنواتے رہے جبکہ گور نر ہاؤس آنیوالی فیملز نے چڑیا گھر، آبشار، مصنوعی جھیل، دیوان خاص، بارہ دری، لان اور پہاڑی کی سیر کی جبکہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے گورنر ہاؤس کا عملہ بھی موجود رہا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران صوبائی وزراء صوبائی وزراء اسلم اقبال ’میاں محمود الرشید اور فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گور نر ہاؤس کوعوام کیلئے کھولنے کا گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور کا فیصلہ قومی امنگوں کی ترجمانی ہے اور اب اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت تحر یک انصاف نے قوم سے جو بھی وعدے کیے ہیں ان کو پورا کیا جارہا ہے ’گور نر ہاؤس لاہور کو میوزیم میں تبد یل کر دیا جائیگا اور یہاں خرچ ہونیوالے بجٹ کو صوبے میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے استعمال کر یں گے۔
گور نر ہاؤس لاہور میں 20 ہزار کے قریب مرد خواتین اور بچوں کی آمد ہو ئی، گور نر ہاؤس کالان وزیر اعظم عمران خان اور گور نر پنجاب چوہدری محمد سرورکے حق میں نعروں سے گونجتا رہا۔ گورنر ہاؤس مری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کشمیر پوائنٹ کے گورنر ہاؤس کو بھی آئندہ اتوار عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کو یہ احساس دلانا ہے کہ یہ عوام کی ملکیت ہے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں یہ گورنر ہاؤس نہیں، یہ جو بھی ہے حکومت پنجاب کی ملکیت ہے، عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والے ہاؤسز کو عوام کے لیے کھول رہے ہیں۔ قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر نچھاور کئے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے بعد صحیح معنوں میں تبدیلی آگئی ہے۔