لاہور: (دنیا نیوز) نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس نئے کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں، حمزہ شہباز نے فنانس ترمیمی بل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کو ماضی کے اعلانات یاد نہیں رہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمّت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آ کر تبدیل ہو گئے۔ مہنگائی کا کوڑا برساتے ہوئے اسد عمر کو اپنے ماضی کے اعلانات یاد نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف حکومت نے تمام معاشی مشکلات کے باوجود غریبوں سے ریلیف نہیں چھینا تھا۔ مسلم لیگ ن غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور اور متوسط طبقات کے حقوق کے لئے ماضی کی طرح آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کے حق پر ضرب لگانے کے حکومتی ظالمانہ اقدامات کا راستہ روکے گی۔ حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔