لاہور (دنیا نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کی خبر کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھاڑیاں تقسیم کیں۔
شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ فیصل آباد میں بھی ن لیگی کارکنوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ صادق آباد میں کارکن رہائی کی خبر ٹی وی پر سنتے ہی گھروں سے باہر نکل آئے اور جوش و خروش سے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی۔
عدالتی فیصلہ آنے کے بعد کئی کارکن خوشی کے مارے رو پڑے اور کئی کارکنوں کی آنکھیں بھیگ گئیں۔ اوکاڑہ میں بھی عدالتی فیصلے کے بعد لیگی کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے اور خوشی کا اظہار کیا۔
ملتان میں کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا اور سزا کی معطلی پر سجدہ شکر ادا کیا۔