لاہور: (دنیا نیوز) لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے کے معاملے پر فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈٰیز بند کر دیں، مریض خوار ہو کر رہ گئے۔
رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے کے معاملے پر ینگ ڈاکٹرز کا پارہ ہائی ہوگیا۔ لاہور، ملتان، بہاولپور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں او پی ڈیز بند کر دیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج نے مریضوں اور لواحقین کو نئی مشکل میں ڈال دیا۔ اوپی ڈیز میں کام بند ہونے سے جہاں ہزاروں مریض علاج کیلئے سسک رہے ہیں، وہیں لواحقین اپنے پیاروں کو پرائیوٹ ہسپتالوں میں لےجانے پر مجبور ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز نے ڈاکٹروں کے تحفظ کا بل پاس کیے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شیخ زید ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرے، ینگ ڈاکٹرز کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔
ادھر شیخ زید ہسپتال رحیم یارخان میں لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کیے جانےکی انکوائری رپورٹ پنجاب حکومت کو مل چکی ہے۔ وزیر صحت نے پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج اور ایم ایس ہسپتال کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا۔ شیخ زید ہسپتال میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے ملزم کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔