فیصل آباد:موٹرسائیکل اورموبائل چوری میں ملوث گینگ گرفتار

Last Updated On 13 September,2018 05:54 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں موٹرسائیکل اور موبائل چور گینگ گرفتار، ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکلیں، اسلحہ، نقدی اور سینکڑوں موبائل برآمد ہوئے، ایس پی مدینہ ٹاؤن کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف تھانوں میں درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔

فیصل آباد میں ایس پی مدینہ ٹاؤن آفتاب احمد پھلروان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 24 موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے مقدمات میں مطلوب کاشی گینگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گینگ کیخلاف فیصل آباد کے تھانہ رضا آباد، صدر، ڈجکوٹ، تاندلیانوالہ اور سمندری میں مقدمات درج تھے۔ گرفتار ہونے والوں میں کاشی گینگ کا سرغنہ وقاص عرف کاشی، شفقت اور فراز شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تھانہ پیپلز کالونی کے اے ایس آئی رضوان جاوید نے ملزمان کو کینال روڈ سے اپنی ٹیم کے ہمراہ گرفتار کیا اور ان سے ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔ دوران تفتیش ملزمان سے 12عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں، 10 لاکھ مالیت کے موبائل فونز، تین عدد پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان ماسٹر چابی کے ذریعے تالے توڑ کر موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے۔ ملزمان سے دوران تفتیش مزید انکشافات سامنے آرہے ہیں، سی پی او اشفاق احمد نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔