مسلم لیگ ن نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دے کر مسترد کر دیا

Last Updated On 24 September,2018 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے زیرِ صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا ہے۔

 

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام بالخصوص غریبوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو امن دشمن، غیر ذمہ دارانہ قرار دیا، ہم مادرِ وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے پوری قوم متحد اور یک زبان ہیں۔ قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ ہے اور کسی بھی ’مس ایڈونچر‘ پر دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کشمیریوں کے وکیل کا کردار ادا کیا اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پوری جرات اور دو ٹوک انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔

اجلاس میں لوکل باڈیز کے موجودہ نظام کے تحفظ کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر حکومتی حملے کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی، بلدیاتی اداروں اور ان کے نمائندوں کے حقوق کی ہر سطح پر بھرپور حمایت اور تحفظ کریں گے۔