اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ماہ میں خارجہ محاذ پر خفت کے سوا کچھ نہیں ملا، سی پیک پر شکوک شبہات پیدا کئے جا رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب خواجہ آصف نے خارجہ پالیسی پر حکومتی نقطہ نظر کو ناپختہ اور بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے بھارتی انکار شرمندگی کے سوا کچھ نہیں، انہوں نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور مائیک پومپیو کی فون کال پر بھی خوب طنز کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایک ماہ میں خارجہ محاذ پر خفت کے سوا کچھ نہیں ملا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) پر شکوک شبہات پیدا کئے جا رہے ہیں۔
سابق وزیرِ خارجہ کی تنقید پر شیریں مزاری نے مائیک سنبھالا اور ن لیگی رہنما کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چار سال تک وزیرِ خارجہ نہ لگانے والوں کو اپوزیشن میں بیٹھ کر خارجہ پالیسی یاد آ گئی۔
انھوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھی حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں بد انتظامی پی ٹی آئی کی وجہ سے نہیں پھیلی۔