قلات: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، 2 اہلکار شہید

Last Updated On 27 September,2018 01:12 pm

کوئٹہ: (روزنامہ دنیا) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، چار دہشتگرد ہلاک، دو جوان میر عالم اور وارث شہید، دو زخمی، بھاری اسلحہ برآمد، بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک شہری شہید،دو افراد زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات کے علاقے منگھوچر میں خفیہ آپریشن کے دوران 2 سپاہی شہید اور 2 زخمی ہوئے ۔ آپریشن میں 2 خود کش جیکٹس ، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود برآمد ہوا، چار دہشتگرد بھی مارے گئے جن میں سے تین دہشتگرد حبیب، وحید اور شعیب 2004 سے مطلوب تھے، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں القاعدہ اور لشکر جھنگوی سے بتایا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ دہشتگردوں کی کمین گاہ سے 5 بچے اور 4 خواتین کو بھی بازیاب کرایا گیا۔ اس سے قبل کاہان کے قریب خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے بارودی مواد برآمد کرلیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے صورف میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں مشتبہ دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ایف سی کی کارروائی میں اینٹی ٹینک سرنگیں، مارٹرشیل اورگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جبکہ ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے مور گانزئی میں موٹر سائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین افراد فضلی ،توکلی اور محمدنعیم شد ید زخمی ہوگئے، توکلی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال لے جاتے چل بسا، لیویز نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی، متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
 

Advertisement