اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کے تفتیشی افسر محبوب عالم نے عدالت کو بتایا کہ ہل میٹل سے خطیر رقم نواز شریف اور مریم نواز سمیت ملزمان اور ان سے متعلقہ افراد کو منتقل ہوئی۔
تفتیشی افسر محبوب عالم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ بینکوں کے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق ہل میٹل سٹیبلشمنٹ سے 277 اعشاریہ 856 ملین روپے اور 52460 ڈالر مختلف افراد کو بھجوائے گئے۔ یہ رقم اس کے علاوہ تھی جو نوازشریف اور مریم نواز کو بھجوائی گئی۔
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ نواز شریف کے ٹی وی انٹرویو اور قومی اسمبلی میں خطاب کے حصول کے لئے وزارت اطلاعات کو خط لکھا۔ وکیل خواجہ حارث نے اعتراض کیا کہ بیان کا یہ حصہ گواہ کے متعلقہ نہیں، یہ ناقابل قبول شہادت ہے۔
جج ارشد ملک نے دوران سماعت نماز کیلئے جانے کا بتایا تو خواجہ حارث نے کہا آپ نہ ہوں تو ہمارا جھگڑا ہوتا ہے۔ فاضل جج نے کہا جیسے ہی جھگڑا ہو گا میں واپس آ جاؤں گا۔
العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں نواز شریف کی مختصر پیشی ہوئی، احتساب عدالت نے دوران سماعت جانے کی اجازت دیدی، تفشیی افسر اپنا بیان جمعہ کو بھی جاری رکھیں گے۔