ملتان (دنیا نیوز ) ملتان کے تاریخی گیٹ سے منسوب ایک انوکھا تھانہ ہے جس میں مقدمات کا اندراج درختوں کے نیچے بیٹھ کر کیا جاتا ہے جبکہ ملزمان سے تفتیش بھی الماریوں سے باندھ کر کی جاتی ہے۔
تاریخی شہر ملتان میں پولیس نے محکمہ اوقاف کی عمارت پر قبضہ کر کے لوہاری گیٹ سے منسوب تھانہ قائم کر دیا ہے جس میں حوالات نہ ہونے پر ملزمان کو محرر کے کمرے کی الماری کیساتھ زنجیروں سے باندھ کر تفتیش کی جاتی ہے جس کی وجہ سے اب تک چوری اور ڈکیتی کے کئی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
دو کمروں پر مشتمل تھانہ کا فرنیچر بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے تفتیشی افسران مقدمات کا اندراج بھی درختوں کے نیچے بیٹھ کر کرتے ہیں جس پر سی پی او کی منطق ہے کہ پولیس کے وسائل محدود ہیں لیکن اس کے باوجود پولیس اصلاحات اور تھانوں کی عمارتوں کو بہتر کرنے کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں۔
تھانہ میں فرنٹ ڈیسک لوہے کی شیٹ سے بنایا گیا ہے جس میں بارش کا پانی داخل ہونے پر کرنٹ آنے سے اہلکار حاضری لگا کر غائب ہونے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔