ملتان: قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری

Last Updated On 04 October,2018 12:43 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے، چونگی نمبر 1، پل واصل، عزیز ہوٹل چوک اور ریلوے روڈ کے علاقوں میں آپریشن کے دوران سینکڑوں تھڑے اور تجاوزات مسمار کر دیں گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے چونگی نمبر 1، پل واصل، عزیز ہوٹل اور ریلوے روڈ کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے سینکڑوں تجاوزات ختم کر دیں، ضلعی انتظامیہ کے ملازمین اور پولیس کو تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران تاجروں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ نوٹسز دیئے بغیر انکی دوکانیں اور تجاوزات گرائیں جا رہی ہیں، جس سے ان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کلین اپ بلا تفریق جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران شہر میں قائم غیر قانونی پلازے بھی گرائے جائیں گے۔