ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کے علاقے مظفر آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران ضلعی انتظامیہ کو قبضہ مافیا کی مزاحمت کا سامنا رہا، پولیس نے مزاحمت کرنیوالے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن جاری ہے، ملتان میں ضلعی انتظامیہ بھاری مشینری کے ساتھ مظفر آباد کے علاقے میں پہنچی، قبضہ مافیا نے مزاحمت کی جس پر معاملہ بڑھا اور نوبت ہاتھا پائی تک آگئی۔ پولیس نے مزاحمت کرنیوالے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایم ڈی اے ملازمین نے قبضہ مافیا کے احتجاج کے باوجود اپنی کارروائی جاری رکھی، آپریشن کے دوران غیرقانونی، دکانیں، تھڑے اور دیگر تعمیرات مسمار کر دیں۔
دوسری طرف چنیوٹ میں بھی تجاوزات اور سرکاری اراضی وا گزار کرانے کے لئے آپریشن کیا گیا۔ احمد نگر اور چونگی چوک پر قائم سروس اسٹیشن اور مارکیٹیں گرا دی گئیں۔ لالیان میں 200 کنال زرعی اراضی واگزار کرائی گئی، انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں اب تک 800 کنال اراضی قابضین سے واگزار کرائی جاچکی ہے۔