'پاکستان کے موجودہ حالات کے جو ذمے دار ہیں ان پر مقدمہ چلنا چاہیے'

Last Updated On 11 October,2018 06:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے ڈاکوؤں سے پیسہ برآمد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اپوزیشن ہماری کوششوں کیخلاف احتجاج میں مصروف ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کو شہباز شریف پر الزامات کی حقیقت بتانی چاہیئے، پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 10 سال کے دوران معاشی حالت پر بھی کمیشن بننا چاہیئے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے موجودہ حالات کے جو ذمےدار ہیں ان پر مقدمہ چلنا چاہیے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا حکومت سرکاری زمین بینکوں کورہن رکھوائے گی، سرکاری زمین پر پرائیویٹ سیکٹر گھر بنائیں گے، امریکا میں 75 فیصد قرض لیکر گھر بنائے جاتے ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر حکومت پیسہ نہیں لگا رہی۔ انہوں نے کہا سرکار کی زمین پر بینک قرض دے گا، پرائیویٹ سیکٹر گھر بنائے گا، ہاؤسنگ اتھارٹی 2 ماہ میں اپناکام شروع کر دے گی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی آئی اے پر 406 ارب قرض ہے، ایئر وائس مارشل ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ای سی ایل میں 3 ہزار لوگوں کے نام ہیں، چیئرمین پی آئی اے کو کہا گیا ہے کہ ادارے کی مالی مشکلات کو فوری حل کریں، محمد میاں سومر و چیئرمین نجکاری کمیشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا عون عباس بپی چیئرمین پاکستان بیت المال ہوں گے، سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والوں کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ، ایف بی آر میں اصلاحات کو سامنے لایا جائے گا، کابینہ نے وزیر مملکت شہریار آفریدی کی کارکردگی کو سراہا۔

Advertisement