سینیٹ نے لاکھڑا کول پاور پلانٹ کی بحالی کی سفارش کر دی

Last Updated On 18 October,2018 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے پاور نے لاکھڑا کول پاور پلانٹ کی بحالی کی سفارش کر دی ہے۔ چیئرمین کمیٹی کا کہنا ہے کہ لاکھڑا پاور پلانٹ پر مزید یونٹس لگائے جائیں گے۔

سینیٹر نعمان وزیر کے زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پاور کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں لاکھڑا پاور پلانٹس کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ 2006ء میں لاکھڑا کول پاور پلانٹ کی لیزنگ کا معاہدہ کیا گیا جسے سپریم کورٹ نے 2013ء میں روک دیا۔ 2013ء میں لاکھڑا پاور پلانٹ کو بحال کرنے کا پلان بنایا اور کی لاگت پر 30 ملین ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا۔

لاکھڑا کول پاور کمپنی کےحکام نے کہا کہ پلانٹ کو چلانا مشکل ہو چکا ہے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ پلانٹ کا ایک یونٹ بند پڑا ہوا ہے۔ پلانٹ کی مشینری بوسیدہ ہو چکی ہے۔ پلانٹ کی مشینری میں راکھ جمع ہو چکی ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ لاکھڑا کول پاور پلانٹ کو پرائیویٹائز نہیں کیا جائے گا بلکہ بحال کیا جائے گا۔ لاکھڑا پاور پلانٹ کی بحالی کے لیے نسٹ ماڈلنگ کرے گا۔ پلانٹ کے اخراجات کو کم کیا جائے گا۔

نعمان وزیر نے کہا کہ دو چینی کمپنیوں نے پلانٹ کو بحال کرنے کی آفر کی ہے۔ تینوں یونٹس کو بحال کیا جائے گا۔ مزید یونٹس بھی لگائے جائیں گے۔ لاکھڑا پاور پلانٹ کو چلانے کے لیے 3 ہزار ٹن یومیہ کول درکار ہے۔